امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے امریکی کانگریس میں تعریفی قرارداد پیش کردی گئی۔
یہ قرارداد ڈیموکریٹک رکن کانگریس ایل گرین نے ایوانِ نمائندگان میں پیش کی جس میں خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور سہولت کاری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے اور امن مذاکرات کے لیے محفوظ اور قابلِ اعتماد ماحول فراہم کر رہا ہے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے سفارتی وفود کی میزبانی کے دوران مختلف مشکلات بھی برداشت کیں جب کہ مستقل اور پائیدار امن کے قیام میں اس کا کردار نہایت اہم قرار دیا گیا۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ جنگ کے نتیجے میں اب تک 13 امریکی فوجی ہلاک اور 399 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ تنازع کے خاتمے سے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔



















