Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے صنعتکاروں کے لیے نئی مشکل؛ سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا

‘صنعتی شعبے کو الیکٹرک انسپکٹریٹ کے فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے’

کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے صنعتی یونٹس کی سالانہ انسپکشن کے لیے الیکٹرک انسپکٹریٹ کا فیصلہ صنعتکاروں کے لیے نئی مشکل بن گیا۔

 فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) نے الیکٹرک انسپکٹریٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

فباٹی کے صدر سید رضا حسین کا کہنا ہے کہ الیکٹرک انسپکٹریٹ کے صنعتی یونٹس کی سالانہ انسپکشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، صنعتوں کی انسپکشن کا فیصلہ بےجا اورکاروباری سرگرمیوں میں مداخلت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتی شعبے کو الیکٹرک انسپکٹریٹ کے فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور بجلی کی تنصیبات کی انسپکشن کا دائرہ کار صرف کمرشل عمارتوں تک محدود کیا جائے۔

سید رضا حسین نے کہا کہ صنعتوں پر پہلے ہی مہنگی بجلی، گیس اور بھاری ٹیکسوں کا بوجھ ہے مزید سرکاری مداخلت ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی یونٹس کی بار بار انسپکشن سے پیداواری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، حکومت صنعتی شعبے کو غیر ضروری ضابطوں اور انتظامی رکاوٹوں سے نجات دلائے۔

فباٹی کے صدر نے مطالبہ کیا کہ الیکٹرک انسپکٹریٹ صنعتی شعبے کے بجائے کمرشل عمارتوں کی انسپکشن تک محدود رہے اور صنعتی یونٹس کو الیکٹرک انسپکٹریٹ سے استثنیٰ دینے کیلئے 2003کا نوٹیفکیشن دوبارہ بحال کیا جائے۔