معرکۂ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مادرِ وطن کی محبت اور پاکستانیت کے جذبے سے سرشار پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں ‘پاکستان ہمیشہ زندہ باد ‘ کے پرجوش نعروں اور ملی نغموں نے بنیان مرصوص کے جذبے کی یاد تازہ کردی جبکہ شرکاء نے وطن عزیز کے تحفظ، سالمیت اور قومی وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
اس موقع پر ملکی دفاع اور دشمن کے خلاف آہنی دیوار بننے پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ بری، فضائی اور بحری افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، حب الوطنی اور جذبۂ قربانی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔

تقریب کے دوران ملک کو درپیش خطرات اور بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر قیادت فراہم کرنے پر سول اور فوجی قیادت کو دادِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جبکہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ویڈیو پیغامات میں وطن عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈیفنس اتاشی برگیڈئیر عرفان علی نے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کا پیغام شرکاء تک پہنچایا۔

معرکہ حق کی اہمیت، افادیت اور ارادیت کے حوالے سے امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی افواج، سول و فوجی قیادت اور پوری قوم نے وطنِ عزیز کی جغرافیائی و علاقائی اہمیت، سالمیت اور قومی وقار پر عظمت کی مہر ثبت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان دنیا کے اہم ترین اور حساس ترین خطے میں واقع ہے، قائد اعظم کی دوراندیش سوچ نے پاکستان کیلئے دنیا کے محور بننے کی پیش گوئی کی تھی جو حقیقت کا رُوپ دھارتی نظر آرہی ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان مسلمانانِ برصغیر کی عزت و وقار کے تحفظ کے لیے بنایا گیا تھا، ہم اپنی عزت اور وقار پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے، آج ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا بدترین سلوک قیام ِ پاکستان کے بروقت فیصلے پر دور اندیشی اور درستگی کی مہر ثبت کرتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ معرضِ وجود میں آتے ہی پاکستانی قوم نے اپنی بقا کی جنگ انتہائی استقامت سےاور مردانہ وار لڑی ہے، تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی سے دنیا کی سلامتی وابستہ ہے، پاکستان گزشتہ آٹھ دہائیوں سیاسی، سفارتی اور دیگر عالمی محاذ پر مثبت اور موثر کردار ادا کرتا رہا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکا ایران تنازعے میں قیامِ امن کے حوالے سے کی جانے والی کاوشیں پاکستان کی مثبت اور مُسلمہ سفارتی تاریخ اور روایات کی غمازی کرتی ہیں، عالمی اور علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان کا کردارہمیشہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا ہے، پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت نے بھاری قیمت چکائی۔
انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں، اٹھاسی گھنٹوں پر مشتمل واقعات نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیت کے جذبے کو ازسر نو زندہ کر دیا۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی سلامیت اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے تمام اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ ہماری قومی ذمہ داری ہے، بنیان مرصوص کے فلسفے کی تکمیل معاشی ترقی سے وابستہ ہے۔
آخر میں “وطن چمکتے ہوئے کنکروں کا نام نہیں، یہ تیرے جسم، تری روح سے عبارت ہے” سفیر پاکستان کی جانب سے تقریب میں مجید امجد کا شعر پیش کیا گیا۔

















