Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم کا قوم کے نام اہم پیغام

پوری قوم اپنے شہداء، ان کے اہلِ خانہ اور ان غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات پر سجدۂ شکر بجا لانے کا دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں عزم، جرات اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ پوری قوم اپنے شہداء، ان کے اہلِ خانہ اور ان غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جو فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع کے لیے ڈٹ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر افواجِ پاکستان کے مربوط اور منظم ردعمل نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔ معرکۂ حق اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہونے کے ساتھ بہادر، باوقار، ثابت قدم اور غیرت مند قوم بھی ہے جسے نہ مرعوب کیا جاسکتا ہے اور نہ کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق تاریخ میں ایک عظیم کارنامے کے طور پر ثبت ہوچکا ہے جس میں دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی اور دشمن کے ناقابلِ شکست ہونے کے زعم کو خاک میں ملادیا۔

وزیراعظم نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی دلیرانہ حکمت عملی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی مدبرانہ حکمتِ عملی کو بھی سراہا جب کہ افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک جانب اپنے امن کے عزم کو واضح کیا تو دوسری جانب دفاعی توازن بحال کرتے ہوئے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو کمزور کرنے یا کسی بھی جارحیت کی صورت میں فوری، مؤثر اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا جب کہ ملک اپنی سرحدوں کے دفاع اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر چوکس ہے۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے مکمل خاتمے اور دہشت گردی کے ناسور کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس مسئلے کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار تزویراتی استحکام ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج پاکستان کو ایک ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جارہا ہے جو نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن اور استحکام کے ضامن کے طور پر بھی ابھرا ہے۔

وزیراعظم نے کہا امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں پاکستان کے ثالثی کردار اور قیامِ امن کے لیے کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے اور پاکستان تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کاوشیں جاری رکھے گا۔

پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی جائے کہ پوری قوم فولادی دیوار بن کر دشمن کا مقابلہ کرے گی اور وطن کی شان و عظمت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں