Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معرکۂ حق پر انڈس یونیورسٹی میں اے آئی اور جدید جنگی حکمتِ عملی پر اہم فکری نشست

منتظمین کی جانب سے اظہارِ تشکر پیش کیا گیا اور مہمانوں، مقررین اور منتظمین کی خدمات کو سراہا گیا۔

انڈس انسٹیٹیوٹ فار اے آئی اینڈ ڈیجیٹل پالیسی اور انڈس یونیورسٹی کے تعاون سے “معرکۂ حق” کے موقع پر مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی اور جدید جنگی حکمتِ عملی کے موضوع پر ایک اہم فکری و علمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عسکری، تعلیمی، حکومتی، سماجی اور پالیسی سازی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں مہمانِ خصوصی کھیل داس کوہستانی تھے، جبکہ ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، لیفٹیننٹ کرنل حیدر رضا خان، لیفٹیننٹ کرنل عطا اللہ خان، ڈاکٹر سید عرفان حسین زیدی، اداکار شمون عباسی، فضل کریم داد بھائی، چیئرمین گلشنِ اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد اور دیگر سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انڈس یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آسم الرحمان نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور نوجوان نسل میں قومی شعور، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

انڈس انسٹیٹیوٹ آف اے آئی اینڈ ڈیجیٹل پالیسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حمزہ چوہدری نے “یومِ معرکۂ حق” کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں جنگیں صرف میدانوں تک محدود نہیں رہیں بلکہ مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی جدید دفاعی نظام کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔

مہمانِ خصوصی کھیل داس کوہستانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں “معرکۂ حق” کی عظیم فتح کا دن منایا جا رہا ہے اور پاکستان کی پوری قوم نے متحد ہو کر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر منفی پروپیگنڈا کیا، حالانکہ دہشتگردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاعی حکمتِ عملی نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کوئی بھی مذہب نفرت، تعصب یا جھوٹ کی تعلیم نہیں دیتا۔

تقریب کے کلیدی مقرر ڈاکٹر سید عرفان حسین زیدی نے “مصنوعی ذہانت اور جدید جنگ” کے موضوع پر جامع خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس دفاعی حکمتِ عملی، سائبر سیکیورٹی اور قومی سلامتی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات سے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور باوقار قوم ہے۔

تقریب کے دوران آئی ایس پی آر کی خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ بعد ازاں ایک انٹرایکٹو مکالمہ اور سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس کی نظامت مختار احمد نے کی۔ اس نشست میں ڈاکٹر سید عرفان حسین زیدی، لیفٹیننٹ کرنل حیدر رضا خان اور لیفٹیننٹ کرنل عطا اللہ خان نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے اور قومی و بین الاقوامی امور پر اظہارِ خیال کیا۔

تقریب کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے اظہارِ تشکر پیش کیا گیا اور مہمانوں، مقررین اور منتظمین کی خدمات کو سراہا گیا۔ بعد ازاں مہمانوں میں شیلڈز اور یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ اجتماعی تصویر اور ہائی ٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

شرکاء نے اس تقریب کو قومی شعور، علمی مباحثے، جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی حکمتِ عملی کے حوالے سے ایک مؤثر اور بامقصد اقدام قرار دیتے ہوئے بیحد سراہا

متعلقہ خبریں