Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل عوامی خدمت کی بہترین مثال بن چکا ہے، ارسلان اسلام شیخ

سندھ حکومت خدمت، شفافیت اور عوامی اعتماد پر یقین رکھتی ہے

میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل عوامی خدمت، فوری داد رسی اور مؤثر طرزِ حکمرانی کی ایک شاندار مثال بن چکا ہے جہاں شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوام دوست وژن اور شہید ذوالفقار علی بھٹو و شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفۂ خدمت کو سامنے رکھتے ہوئے سندھ حکومت عوامی مسائل کے فوری حل، شفافیت اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بھٹو زرداری ہمیشہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائیں اور ہر شہری کی آواز کو سن کر اس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل اسی عوامی وژن کی عملی تعبیر ہے جہاں شہریوں کی شکایات اور مسائل کو فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچا کر ان کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں قائم کمپلین سیل عوام اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط اور مؤثر رابطے کا ذریعہ بن چکا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ صحت، تعلیم، بلدیاتی سہولیات، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، پانی، بجلی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ ادارے متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

میئر نے کہا کہ سندھ حکومت خدمت، شفافیت اور عوامی اعتماد پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

 انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل شکایات اور تجاویز کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس کمپلینٹ سیل سے بھرپور استفادہ حاصل کریں تاکہ ایک بہتر فعال اور عوام دوست نظام حکمرانی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں