Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مطلوب مشہور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو منظر عام پر آگئے، عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

عدالت میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ پنجاب پولیس مسٹر پتلو کے اہل خانہ کو ہراساں کر رہی ہے

محفل سماع میں بھگدڑ کے واقعے کے بعد خبروں میں آنے والے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو منظر عام پر آگئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی 10 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حفاظتی ضمانت منظور کی۔ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اپنے وکیل بیرسٹر قاسم نواز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر وہیل چیئر پر بیٹھ کر عدالت پہنچے۔

سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ محفل سماع کے انعقاد کے لیے باقاعدہ این او سی حاصل کیا گیا تھا اور امن و امان برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری تھی۔ واقعے کے وقت عنصر محمود موقع پر موجود نہیں تھے بلکہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگر انتظامیہ کو تقریب کے انعقاد پر کوئی اعتراض یا تحفظات تھے تو این او سی جاری نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ عنصر محمود کو سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے میں ہلاک کیے جانے کا خطرہ ہے۔

عدالت میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ پنجاب پولیس مسٹر پتلو کے اہل خانہ کو ہراساں کر رہی ہے، جبکہ ان کے گھر سے موبائل فون سمیت دیگر اشیا بھی لے جائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل محفل سماع کے ایک پروگرام کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد واقعے کی ذمہ داری اور انتظامات سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے۔