Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جرمنی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

حکومت نے مئی سے جون کے دوران فی لیٹر ایندھن پر 16.7 سینٹ کی رعایت دی تھی

ایران جنگ کے دوبارہ شدت اختیار کرنے کے بعد جرمنی میں پیٹرول کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

یورپ کی سب سے بڑی آٹوموبائل ایسوسی ایشن اے ڈی اے سی (ADAC) کے مطابق بدھ کے روز جرمنی بھر میں E10 پیٹرول کی اوسط قیمت 2.215 یورو فی لیٹر تک پہنچ گئی جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

اس سے قبل پیٹرول کی سب سے زیادہ قیمت مارچ 2022 میں 2.203 یورو فی لیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے باعث توانائی کی منڈی پر دباؤ بڑھنے کے ساتھ ساتھ دریائے رائن میں پانی کی سطح کم ہونے سے بھی ایندھن کی ترسیل مہنگی ہوگئی جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا۔

جرمنی میں E10 عام طور پر دستیاب سب سے سستا پیٹرول ہے جو Super E5 کے مقابلے میں عموماً 5 سے 6 سینٹ فی لیٹر سستا ہوتا ہے۔

پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے بعد حکومت پر شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے تاہم جرمن حکومت نے فی الحال فیول ریلیف پروگرام دوبارہ شروع کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ماضی میں حکومت نے مئی سے جون کے دوران فی لیٹر ایندھن پر 16.7 سینٹ کی رعایت دی تھی جس پر وفاقی حکومت کو تقریباً 1.6 ارب یورو خرچ کرنا پڑا تھا۔

ادھر ایران جنگ کے معاشی اثرات کے باعث جرمنی میں مہنگائی بھی بڑھ گئی ہے اور اگست میں مجموعی افراطِ زر کی شرح بڑھ کر 2.9 فیصد تک پہنچ گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور توانائی کی بڑھتی قیمتیں جرمن شہریوں کے روزمرہ اخراجات پر مزید دباؤ ڈال سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں