Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گوگل نے نئی سہولت متعارف کرادی، دستاویزات کو ویڈیو میں تبدیل کرنا ممکن

نئی سہولت کے تحت صارف گوگل ڈرائیو سے اپنی فائل منتخب کرسکتا ہے یا کمپیوٹر سے دستاویز اپ لوڈ کرسکتا ہے۔

گوگل نے اپنی ویڈیو بنانے والی سہولت میں نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس کے ذریعے صارفین پی ڈی ایف، گوگل ڈاکس اور ورڈ سمیت مختلف دستاویزات کو بغیر اسکرپٹ لکھے آواز کے ساتھ ویڈیو میں تبدیل کرسکیں گے۔

نئی سہولت کے تحت صارف گوگل ڈرائیو سے اپنی فائل منتخب کرسکتا ہے یا کمپیوٹر سے دستاویز اپ لوڈ کرسکتا ہے۔

یہ سہولت دستاویز کے مواد کو پڑھ کر اسے مختلف مناظر میں تقسیم کرے گی اور ویڈیو کے لیے خودکار طور پر اسکرپٹ بھی تیار کرے گی۔

دستاویز کا ہر حصہ قابل ترمیم اسکرپٹ میں الگ منظر کی شکل اختیار کرے گا جس کے باعث طویل رپورٹ کے مختلف حصوں کو الگ الگ ویڈیو کے حصوں میں تبدیل کیا جاسکے گا۔

صارفین تیار کیے گئے متن میں اپنی مرضی سے تبدیلی کرسکیں گے، غیر ضروری حصے حذف کر سکیں گے اور ویڈیو کے لیے مصنوعی ذہانت کی مختلف آوازوں میں سے انتخاب بھی کرسکیں گے۔

متن کو حتمی شکل دینے کے بعد یہ سہولت خود ویڈیو تیار کرے گی جس میں آواز کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر اور پس منظر شامل ہوں گے۔

گوگل کے مطابق اس سہولت کو اجلاس کی تفصیلات اور تربیتی مواد کو آسانی سے سمجھنے اور ویڈیو کی شکل میں دیکھنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ نئی سہولت گوگل کے کاروباری، ادارہ جاتی اور تعلیمی ورک اسپیس منصوبوں کے صارفین کے علاوہ گوگل اے آئی پلس، پرو اور الٹرا کی رکنیت رکھنے والے افراد کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔

تیز رفتار اجرا کے نظام سے منسلک صارفین کو یہ سہولت فوری طور پر ملنا شروع ہوجائے گی جب کہ مقررہ اجرا کے نظام سے منسلک صارفین کے لیے اس کا مرحلہ وار آغاز 5 ستمبر سے ہوگا۔

گوگل کے مطابق تمام صارفین تک یہ نئی سہولت پہنچنے میں 15 دن تک کا وقت لگ سکتا ہے۔