اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی سرزمین پر شہری اور اقتصادی اہداف کو نشانہ بنانا خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری و اقتصادی اہداف پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جب کہ یہ کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حوثی ملیشیا کے حملوں سے یمن کے تنازع کے پرامن اور دیرپا حل کے لیے جاری کوششوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے اور سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی عرب کے اپنے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
سجاد حیدر خان کے مطابق سعودی عرب کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا جائز حق حاصل ہے جب کہ اسے اپنے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کا بھی مکمل حق حاصل ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب اپنے قومی اثاثوں کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرسکتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور علاقائی امن کو درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔














