پاکستانی اداکار شہریار منور کی خوش اخلاقی اور بڑھتی مقبولیت کے چرچے سرحد پار بھی ہونے لگے، بھارتی ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر عرفی جاوید نے پاکستانی اداکار سے اپنی پہلی ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے ان کی شخصیت کی تعریف کی ہے۔
عرفی جاوید نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے تبصرے میں شہریار منور کے ساتھ دبئی میں ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا اور بتایا کہ اداکار کا دوستانہ رویہ آج بھی مجھے یاد ہے۔
بھارتی انفلوئنسر کے مطابق یہ واقعہ کئی سال پرانا ہے، جب وہ فلم فیئر مڈل ایسٹ کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی گئی تھیں۔ اس وقت ان کی مقبولیت بھی اتنی زیادہ نہیں تھی اور وہ شہریار منور کے ساتھ ایک ہی ہوٹل میں قیام پذیر تھیں۔
عرفی جاوید نے بتایا کہ میں نے پاکستانی اداکار سے تصویر بنوانے کی درخواست کی تھی تاہم شہریار منور نے صرف تصویر بنوانے تک بات محدود نہیں رکھی بلکہ میرے ساتھ خوش گوار گفتگو بھی کی۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید بتایا کہ شہریار منور نے تقریباً 10 سے 15 منٹ تک مجھ سے بات کی اور اس دوران انتہائی خوش اخلاقی اور اپنائیت کا مظاہرہ کیا۔
عرفی جاوید کا کہنا تھا کہ اداکار کا یہ رویہ میرے ذہن میں آج بھی تازہ ہے۔ کسی کے ساتھ کیا جانے والا معمولی سا اچھا سلوک بھی ایک یادگار تاثر چھوڑ سکتا ہے جسے انسان طویل عرصے تک یاد رکھتا ہے۔
تاہم بھارتی ماڈل عرفی جاوید کی جانب سے شہریار منور کی تعریف کیے جانے کے بعد ان کی خوش اخلاقی اور مثبت رویے کا یہ قصہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔

















