Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

27 ستمبر کے احتجاج سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز؛ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کیلئے رابطے

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ملاقات طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کی بھرپور تیاری کرنے اور ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے پاکستان تحریک انصاف کو احتجاج کی بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ملکی حالات کے پیش نظر دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کانفرنس میں ملکی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

دریں اثنا تحریک تحفظ آئین کا اجلاس 15 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان رابطے شروع ہوگئے ہیں تاہم وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات طے کرنے کے لیے بھی مشاورت جاری ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے مارچ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا وفد آج سہ پہر 3 بجے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔ وفد کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں