Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا صارفین کیلئے بڑا فیصلہ؟ عمر کی حد اور بعض پلیٹ فارمز پر پابندی زیر غور

حکام آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی جائزہ لیں گے

حکومت نے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق قوانین مزید سخت کرنے پر غور شروع کردیا وزارت داخلہ نے بچوں کے استحصال اور فحاشی کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ فیملی وی لانگنگ کے نام پر فحاشی کے مواد کو کنٹرول کرنے سے متعلق مختلف تجاویز بھی مشاورت کا حصہ ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی دیگر ممالک کی پالیسیوں کی طرز پر بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، وفاقی اور صوبائی پولیس حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بچوں کے استحصال اور فحاشی سے متعلق سامنے آنے والے کیسز کا جائزہ پیش کیا جائے گا، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کے تحفظ اور نامناسب مواد کی روک تھام کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی غور ہوگا۔

حکام آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی جائزہ لیں گے تاکہ ان میں اختیار کیے گئے ریگولیٹری طریقہ کار اور بچوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات کا تقابلی جائزہ لیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے اجلاس میں مختلف تجاویز پر تفصیلی مشاورت کے بعد سوشل میڈیا ریگولیشن سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل اور ممکنہ قانونی اقدامات کا تعین کیا جائے گا۔