امریکی تجارتی پابندیوں اور چین کو جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی تک رسائی سے روکنے کی کوششوں کے باوجود چین کی دفاعی تحقیق سے وابستہ ایک یونیورسٹی نے گزشتہ ماہ اینویڈیا کے طاقتور ترین اے آئی چپس خرید لیے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کی نارتھ ویسٹرن پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی نے 21 اکتوبر کو جاری کیے گئے خریداری کے ریکارڈ کے مطابق دو ایچ 200 چپس 874,700 یوآن، یعنی تقریباً ایک لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالر میں خریدے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چین کی متعدد جامعات اور تحقیقی ادارے مقامی کمپنیوں کی مدد سے امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والے اینویڈیا کے چپس حاصل کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے توانائی کی بچت کرنے والی وژن چپ تیار کرلی
صرف یہی نہیں بلکہ بعض ادارے ایسے سرورز کی کمپیوٹنگ سہولیات بھی کرائے پر لے رہے ہیں جن میں یہ جدید چپس نصب ہیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ امریکی برآمدی پابندیوں کے باوجود چین میں مقامی سپلائرز کے ذریعے جدید امریکی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تک رسائی کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مقابلہ جاری ہے اور واشنگٹن چین کو جدید سیمی کنڈکٹرز اور اے آئی چپس کی فراہمی محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔




















