چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے لانگ مارچ سے متعلق واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے۔
لانگ مارچ سے متعلق صحافیوں نے چیئرمین پی ٹی آئی سے بار بار سوال کیا تاہم انہوں نے واضح جواب نہیں دیا اور نئی تاریخ دینے سے بھی انکار کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسلام آباد میں کنٹینر نہیں ہونے چاہیے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، پاکستان ہمارا ملک ہے۔ وفاقی وزرا نفرت انگیز بیانات دے رہے ہیں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق اپوزیشن لیڈران کو کچھ فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا ہے، ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی مستقل کی حکمت عملی بھی زیر بحث آئی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ کا اختیار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی نے دیا ہے اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا لانگ مارچ کو لیڈ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہے، ہم سیاسی جماعت ہیں اور اتفاق رائے و تفصیلی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود اچکزئی کو پارٹی معاملات سے متعلق آگاہ کرتے ہیں۔ میں دونوں اپوزیشن لیڈران کی بے پناہ عزت کرتا ہوں، کبھی انہیں فون پر نہیں بتاتا بلکہ خود ان کے پاس آکر بتاتا ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا، اس سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ مختلف میڈیا رپورٹس میں ذرائع سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پی ٹی آئی نے 5 اکتوبر تک لانگ مارچ موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ 5 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ یہ فیصلہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ فیصلے کا باضابطہ اعلان محمود اچکزئی اور علامہ ناصر کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔















