تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے تمام 50 اضلاع کو سیلاب کے باعث آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے جب کہ شدید بارشوں اور پانی جمع ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں آمدورفت متاثر ہے۔
بنکاک میٹروپولیٹن ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ روز 3 اضلاع کو سیلابی آفت سے متاثرہ قرار دیا تھا تاہم اب شہر کے تمام 50 اضلاع کو اس زمرے میں شامل کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوینتھاونگ روڈ بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شامل ہے جو نونگ چوک ضلع کے قریب واقع ہے۔
نونگ چوک ضلع بنکاک کو چاچوئنگساؤ سے ملاتا ہے اور یہ راستہ آگے چون بوری کی جانب جاتا ہے۔
سوینتھاونگ روڈ پر پانی جمع ہونے کے باعث موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے گزرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بعض افراد نے سوینتھاونگ روڈ پر آمدورفت کے لیے کشتی کا استعمال شروع کردیا ہے۔



















