آبنائے ہرمز میں امریکی زیرِ آب ڈرون کی مبینہ موجودگی پر ایران اور امریکا آمنے سامنے آگئے۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے جدید امریکی زیرِ آب ڈرون قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا جس کے بعد امریکی فوج نے ایرانی دعوے کو مسترد کردیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایرانی بحریہ نے ایک انٹیلی جنس آپریشن کے دوران امریکی بغیر پائلٹ زیرِ آب گاڑی یو ایس ریموس 600 کو قبضے میں لیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا ماہرین جائزہ لیں گے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج اپنے تمام آپریشنل ڈرون اثاثوں پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے۔
سینٹ کام کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے ایرانی دعوے کو بوکھلاہٹ پر مبنی قرار دیا۔
آبنائے ہرمز میں مبینہ امریکی زیرِ آب ڈرون کے معاملے پر دونوں ممالک کے مؤقف میں واضح تضاد سامنے آیا ہے جبکہ واقعے کی آزادانہ تصدیق اور مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔



















