اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خیبرپختونخوا میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے کی موجودہ صورتحال اور مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ افغان سرحد پر سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون نے اجلاس میں مختلف قانونی اور آئینی آپشنز پر بریفنگ دی جبکہ رانا ثنا اللہ اور امیر مقام نے سیاسی صورتحال اور سیاسی روابط سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف سے ہونے والے مبینہ بیک ڈور رابطوں سے متعلق بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے متعلق کسی حتمی فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محسن نقوی، امیر مقام، اعظم نذیر تارڑ اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شرکت کی۔

















