Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھوک سے بے حال ریچھ نے ڈبل روٹی کے اسٹال پر دھاوا بول دیا

یہ واقعہ امریکا کی اسٹیٹ کولوراڈو میں پیش آیا جہاں قریبی پہاڑوں سے ایک بھوکا ریچھ فارمرز مارکیٹ میں گھس آیا

ماضی کی ایک مشہور کہاوت ہے کہ بھوک نہ مانگے بھوجن نیند نہ مانگے بستر، تاہم اسی کہاوت پر ایک ریچھ نے عمل کرتے ہوئے انتہائی بھوک کے عالم میں بریڈ کے اسٹال پر دھاوا بول دیا اور خوب مزے لے کر کھانے لگا۔

یہ واقعہ امریکا کی اسٹیٹ کولوراڈو میں پیش آیا جہاں قریبی پہاڑوں سے ایک بھوکا ریچھ فارمرز مارکیٹ میں گھس آیا اور  تازہ پکی ہوئی ڈبل روٹیوں کے ایک اسٹال پر پیٹ بھر کر کھانے لگا جب وہ خوب سیر ہوچکا تو حکام نے اسے وہاں سے بھگا دیا۔

عینی شاہدین نے اس وقت ریچھ کی ویڈیو بنا لی جب وہ مارکیٹ میں اسٹالز لگانے کی تیاری کے دوران ایسپن سیٹرڈے مارکیٹ میں پہنچا اور لوئس سوئس کے اسٹال سے بیکری کی اشیا کھانے لگا۔

یہ بھی پڑھیں: آئینے میں اپنا عکس دیکھنے پر ریچھ کا ردعمل ہوا وائرل

کولوراڈو پارکس اینڈ وائلڈ لائف کے ترجمان جوئی لیونگسٹن نے بتایا کہ ایسپن پولیس نے ریچھ کو ڈرانے اور وہاں سے دور کرنے کی کوشش کی، جبکہ محکمۂ جنگلی حیات کا ایک اہلکار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا تاہم بھوک سے بے حال یہ ریچھ قریب ہی موجود ایک درخت پر چڑھ گیا اور بالآخر خود ہی اس علاقے سے چلا گیا۔

حکام کے مطابق شدید خشک سالی کی وجہ سے اس سال ریچھوں کے انسانی آبادی کی جانب رخ کرنے کے واقعات ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں اس کی وجہ قدرتی خوراک کے ذرائع میں کمی واقع ہونا ہے اس وقت یہ جانور خاص طور پر زیادہ سرگرم ہیں کیونکہ وہ موسمِ سرما کی ہائبرنیشن سے قبل اپنے جسم میں چربی ذخیرہ کرنے کے لیے زیادہ خوراک حاصل کر رہے ہیں۔