کراچی: گندم کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث آٹے کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، چھوٹی چکی کا آٹا 10 روز میں 10 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا۔
ہول سیلز گروسریز ایسوسی ایشن کے رہنما عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق گندم کی قیمت 135 روپے سے بڑھ کر 140 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
عبدالروف ابراہیم نے بتایا کہ چھوٹی چکی کا آٹا 170 روپے سے بڑھ کر 180 روپے فی کلو ہوگیا ہے جبکہ فلور ملز پر بھی 10 روز کے دوران آٹے کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلور ملز کا ڈھائی نمبر آٹا 155 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے جبکہ فائن آٹے کی قیمت 170 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
ہول سیلز گروسریز ایسوسی ایشن کے رہنما نے کہا کہ گندم کی قیمتیں مسلسل بڑھنے کے باعث آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
عبدالروف ابراہیم کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، آٹے کی قیمت میں یومیہ بنیاد پر اضافہ ظلم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ درآمدی گندم نومبر میں آئے گی جبکہ دالوں کی قیمتوں میں بھی 20 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
عبدالروف ابراہیم نے خبردار کیا کہ اگر اقدامات نہ کیے گئے تو آٹے کی قیمت 250 روپے فی کلو تک جاسکتی ہے۔



















