خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے نیو کرپہ میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او داؤد خان اور پولیس اہلکار فرہاد شہید ہوئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایکس پر واقعے کی شدید مذمت کی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کی حمایت اور سمجھوتوں کی قیمت پولیس، مسلح افواج اور شہری اپنی جانوں کی قربانی دے کر ادا کر رہے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے سوال کیا کہ صوبائی حکومت کو ذمہ داری کا احساس دلانے کے لیے مزید کتنی جانوں کا ضیاع درکار ہے؟
انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
















