Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روٹی بھی عوام کی پہنچ سے دور، آٹے کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ

آٹے کی قیمتوں میں اس تیز رفتار اضافے نے عام آدمی کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں

مہنگائی کے ستائے عوام پر آٹے کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے ایک اور بوجھ ڈال دیا، صرف ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے تک مہنگا ہوگیا، جبکہ کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں قیمت 3400 روپے تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان شہریوں کے لیے گھر کا چولہا جلانا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق بنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہفتے میں 400 روپے مہنگا ہوکر 3300 روپے تک پہنچ گیا، راولپنڈی میں قیمت 347 روپے اضافے کے بعد 3333 روپے ہوگئی، جبکہ اسلام آباد میں تھیلا 333 روپے مہنگا ہوکر 3400 روپے تک جا پہنچا۔

سیالکوٹ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 333 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 3133 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ سکھر میں قیمت 300 روپے بڑھ کر 3060 روپے اور پشاور میں 300 روپے اضافے کے بعد 3400 روپے تک پہنچ گئی۔

کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہوکر 3400 روپے تک فروخت ہونے لگا، جبکہ گوجرانوالہ میں اسی اضافے کے بعد قیمت 3000 روپے ہوگئی۔ حیدرآباد میں بھی آٹا 200 روپے مہنگا ہوکر 3200 روپے تک پہنچ گیا۔

بہاولپور میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 180 روپے اضافے کے بعد 2960 روپے ہوگئی، سرگودھا میں 106 روپے اضافے سے قیمت 2866 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ لاڑکانہ میں 80 روپے اضافے کے بعد 2900 روپے اور کوئٹہ میں 70 روپے اضافے کے بعد 3030 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

ملتان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 66 روپے مہنگا ہوکر 2866 روپے تک پہنچ گیا۔

دوسری جانب لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2300 روپے، فیصل آباد میں 2200 روپے اور خضدار میں 3000 روپے پر برقرار رہی۔

آٹے کی قیمتوں میں اس تیز رفتار اضافے نے عام آدمی کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ بنیادی ضرورت کی اس شے کی قیمت بڑھنے سے محدود آمدن والے خاندانوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مزید دشوار ہوگیا ہے۔ شہریوں کے لیے سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں وہ اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کیسے کریں۔

متعلقہ خبریں