پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت نے 29 گیندوں پر 50 رنز بناکر حریف بولرز کو دباؤ میں رکھا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔ سری لنکن اوپنر لہرو اودارا نے 55 گیندوں پر 91 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم ان کی کوشش ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔ کامندو مینڈس نے 23 جبکہ داسن شناکا نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران رندھاوا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رضا اللہ، صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ بھی راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور رضا اللہ اس میچ میں اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کررہے ہیں۔ قومی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کررہے ہیں، جبکہ پلیئنگ الیون میں فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، شاداب خان، خواجہ نافع، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت کوشل مینڈس کررہے ہیں۔ مہمان ٹیم کی پلیئنگ الیون میں لہرو اودارا، کامل مشارا، کامندو مینڈس، سہان آراچگے، داسن شناکا، دونتھ ویلالگے، مہیش تھیکشانا، دشمنتھا چمیرا، ایشان ملنگا اور نووان تھشارا شامل ہیں۔



















