اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں گورننس، امن و امان اور روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جب کہ مختلف حکومتی اتحادی جماعتوں کے نمائندے بھی اس میں شامل ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ مانیٹرنگ کمیٹی صوبے میں حکومتی امور، امن و امان کی صورتحال اور روزمرہ معاملات کی نگرانی کرے گی۔
کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے علاوہ رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، امیر مقام، طارق فضل چودھری اور خالد مقبول صدیقی کو شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مانیٹرنگ کمیٹی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کا ایک، ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔















