پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری سے مستقل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اس فیصلے کی وجوہات بھی بیان کر دی ہیں۔
اداکارہ کومل عزیز خان نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ میں اب اداکاری کے شعبے میں واپس نہیں آؤں گی۔
اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کومل عزیز خان کا کہنا تھا کہ میں نے کاروبار کی ترقی، مالی خودمختاری کے حصول اور اپنی ذاتی زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کے لیے اداکاری سے دوری اختیار کی، میں خود سے محبت کرنے اور اپنی شخصیت کو نکھارنے کے سفر کو بھی ترجیح دینا چاہتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ میں تقریباً پانچ سال قبل ہی اداکاری چھوڑ چکی تھی تاہم میں نے اس حوالے سے باضابطہ اعلان کرنے میں جان بوجھ کر تاخیر کی تاکہ میڈیا کی غیر ضروری توجہ کے بغیر اپنی زندگی کے اس باب کو بند کر سکوں۔
View this post on Instagram
کومل عزیز خان نے اپنے فنی سفر کے دوران مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں اس محبت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھوں گی۔
شوبز کو مستقل الوداع کہنے کے ساتھ اداکارہ نے اپنی ازدواجی حیثیت سے متعلق بھی وضاحت کی کہ تاحال میری شادی نہیں ہوئی تاہم انہوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے کاروبار، مستقبل اور زندگی میں خوش حالی و برکت کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021 میں ڈرامہ سیریل ’مہلت‘ میں اداکاری کرتی دکھائی دی تھیں جس کے بعد سے وہ شوبز کی سرگرمیوں سے دور ہیں۔

















