پاکستانی گلوکار اور اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیات اور صحت پر پڑنے والے دباؤ کے باعث شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر وقفہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
دانیال ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مسلسل کام کے باعث اپنی برداشت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔
اپنی انسٹا اسٹوری میں گلوکار نے بتایا کہ گزشتہ دو برس میرے لیے انتہائی مصروف رہے اور مسلسل سفر کے باعث مجھے ایک جگہ پر چند روز قیام کرنے کا موقع بھی کم ہی ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکاری اور موسیقی جیسے دو مختلف شعبوں میں بیک وقت کام کرنا آسان نہیں جبکہ مسلسل مصروف رہنے کے معمول نے میری صحت کو بھی متاثر کیا ہے۔
دانیال ظفر نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں میری اولین ترجیح اپنی صحت کی بحالی ہے اور اسی لیے میں کچھ عرصے کے لیے تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں روک رہا ہوں تاکہ آرام کر سکوں اور مکمل صحت یابی پر توجہ دے سکوں۔


















