پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر عروب جتوئی نے فیشن انڈسٹری سے وابستہ ڈیزائنرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسے ملبوسات متعارف کرائیں جو عام لوگوں کی پسند، آرام اور روزمرہ ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوں۔
ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عروب جتوئی نے کہا کہ فیشن ڈیزائننگ میں صرف نئے اور منفرد انداز اپنانے کے بجائے عام عوام کی ترجیحات کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی اکثریت روزمرہ زندگی میں ایسے لباس کو ترجیح دیتی ہے جو آرام دہ اور مناسب ہوں، نہ کہ ایسے ملبوسات جو جسم کو زیادہ نمایاں کریں۔
View this post on Instagram
عروب جتوئی نے اس سوچ سے بھی اختلاف کیا کہ لباس جتنا مختصر یا جسم کو نمایاں کرنے والا ہوگا، پہننے والا اتنا ہی خوبصورت دکھائی دے گا۔ خوبصورتی کا تعلق صرف لباس کے انداز یا تراش خراش سے نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 90 فیصد عام افراد ایسے ملبوسات نہیں پہنتے، اس لیے فیشن ڈیزائنرز کو ایسے کپڑے تیار کرنے چاہئیں جنہیں عام لوگ اپنی روزمرہ زندگی میں باآسانی پہن سکیں۔















