Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکپتن میں مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم، 12 افراد جاں بحق، 33 زخمی

ہنگامی صورت حال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور آلوؤں سے لدے ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ 33 شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ 17 ایس پی کے قریب پیش آیا جہاں ملتان سے لاہور جانے والی مسافر بس آلوؤں سے بھرے ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد بس الٹ گئی۔ حادثے میں پیرا فورس اور پٹرولنگ پولیس کے اہلکار بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بس میں پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ہنگامی صورت حال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈی پی او جاوید اقبال بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن اسپتال پہنچ گئے، جبکہ وزیراعلیٰ نے حادثے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

متعلقہ خبریں