ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی حالات میں مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد قدرتی آفات کے بعد فوری بجٹ سپورٹ فراہم کرنا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیلاب، زلزلوں اور دیگر آفات سے پاکستان کو سالانہ اوسطاً 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے 2022 کے تباہ کن سیلاب سے پاکستان کو 14.9 ارب ڈالر کا براہ راست جبکہ ملکی معیشت کو 15.2 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا سیلاب سے 91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہونے کے خطرے سے دوچار ہوئے۔
اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں قدرتی آفات سے متاثرہ کمزور اور دیہی آبادیوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے جبکہ خواتین اور بچیاں قدرتی آفات کے اثرات سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں اے ڈی بی کا پروگرام پاکستان میں آفات سے نمٹنے کی تیاری اور خطرات کے انتظام کو بہتر بنائے گا۔
جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کی ترقیاتی منصوبہ بندی میں موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے بچاؤ کے اقدامات شامل کیے جائیں گے قدرتی آفات کے بعد فوری مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنانا پروگرام کا اہم مقصد ہے آفات سے پہلے تیاری انسانی جانوں، روزگار اور ملکی معیشت کو تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔


















