اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا جس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ، توانائی کے شعبے میں تعاون، ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری اور وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی خصوصی طور پر شرکت کریں گے جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تاجکستان اور ایران سمیت مختلف رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے۔ ترکیہ کی جانب سے بھی نائب وزیر خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اظہار خیال کریں گے۔
دو روزہ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، علاقائی رابطہ کاری کے فروغ، توانائی کے منصوبوں میں تعاون اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے حوالے سے اہم امور زیر غور آئیں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے جبکہ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں تاہم پاکستان میں ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی تعاون، علاقائی روابط اور تجارتی مواقع کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
















