وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے اور اس کا نیا طرزِ حکمرانی متعارف کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے، جس کے تحت شہر کی جغرافیائی حدود میں توسیع اور میئر کو انتظامی سربراہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کو خصوصی حیثیت یا ایک مثالی انتظامی یونٹ میں تبدیل کرنے کی تجویز پر کام کیا جا رہا ہے، جبکہ نئے انتظامی ڈھانچے میں منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت کی حدود بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور، راولپنڈی کے بعض علاقوں اور ضلع مری کے حلقہ این اے 51 سے منسلک علاقوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں گوادر یا دیگر بندرگاہوں کو شامل کرنے کا سابقہ منصوبہ ترک کردیا گیا ہے۔
حکومتی منصوبے پر عمل درآمد کی صورت میں وفاقی دارالحکومت کی موجودہ انتظامی اور جغرافیائی ساخت میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ تاہم مجوزہ نظام اور حدود میں توسیع سے متعلق حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔















