اسلام آباد: ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت کرنے والے ممالک کے شکرگزار ہیں۔
اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایکو کو مضبوط تعاون، مشترکہ حکمت عملی کا مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہوگا، تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی ایکو تعاون کے 3اہم اسٹریٹجک ستون ہونے چاہئیں، علاقائی روابط، تجارت میں سہولت،توانائی تعاون خطےکومضبوط بناسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکو تجارتی معاہدے میں تکنیکی مذاکرات کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایکوکے رکن ممالک نئے، مؤثرتجارتی معاہدے کےلیے مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر کاربند ہے، گزشتہ 2سال سے ایران سفارتی روابط، تنازعات کےپرامن حل کے لیے پرعزم رہا۔ امریکا نے جارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی دباؤ، ناکہ بندی کاراستہ اختیارکیا، امریکی اقدامات بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر، سیاسی وعسکری حکام جارحانہ کارروائیوں میں شہید ہوئے، خلیج فارس، آبنائےہرمز کی صورتحال امریکا، اسرائیل کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہو، ایران کے دفاعی اقدامات صرف جارحیت کرنے والوں کے اہداف، فوجی اڈوں کے خلاف ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کے اقدامات کو پڑوسی ممالک کی حکومتوں کے خلاف کارروائی نہ سمجھا جائے، خطے میں سلامتی کے لیے علاقائی مکالمے پر مبنی مشترکہ حکمت عمل ضروری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیوں نے ایرانی عوام کے اپنے حقوق کے تحفظ کےعزم کو مضبوط کیا ہے، ایکو کے آئندہ عشرے کے ویژن پرعملی اقدامات،قابل پیمائش نتائج کو ترجیح دینا ہوگی تاہم ای سی اوکا 18واں سربراہی اجلاس 4دسمبرکو تہران میں منعقد ہوگا۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال انسانیت کے لیے شرمناک ہے، غزہ گزشتہ 3سال سےمکمل نسل کشی کاسامناکررہاہے، غزہ میں جنگی جرائم، تباہی، فلسطینیوں کی جبری بےدخلی جاری ہے، خطے کا استحکام، خوشحالی ایکو کے تمام رکن ممالک کے مفادات سے جڑے ہیں۔



















