Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیرسفارتی اور بے بنیاد بیان کو مسترد کردیا

‘بھارت نے آبی دہشت گردی پر بات کرنے کے بجائے پاکستانی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے’

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیرسفارتی اور بے بنیاد بیان کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے جاری بیان کے مطابق بھارتی ریمارکس اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہیں، بھارت نے آبی دہشت گردی پر بات کرنے کے بجائے پاکستانی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے، پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے خلاف بھارت کی دشمنی کھل کر سامنے آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی سرپرستی کرکے پاکستان کی معدنی ترقی سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، بھارت مسلسل پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی کے شواہد موجود ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنا غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام ہے، ثالثی عدالت کے فیصلے سے انکار بھارت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں پر سوالیہ نشان ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کوجھوٹ اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے لیے استعمال کر رہا ہے، بھارت اقوام متحدہ میں جھوٹ پھیلانے کے بجائے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے۔

پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت ریاستی پالیسی کے طور پر گمراہ کن معلومات اور دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق پامال کر رہی ہیں، بھارت ایک متنازع علاقے پر جبری قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم کر رہا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق بھارت ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کا مرتکب اور مسلمان، سکھ، مسیحی اور دلت اقلیتوں کے خلاف منظم امتیازی سلوک کا سرپرست ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت ہندوتوا نظریے سے متاثر مذہبی انتہا پسندی اور فاشسٹ طرزِ حکمرانی کی جانب گامزن ہے جہاں مذہبی بنیاد پرست حکومت برسرِ اقتدار ہے، بھارت کے الزامات اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوششیں عالمی سطح پر اپنی تنہائی چھپانے کی ناکام کوشش ہیں۔

متعلقہ خبریں