وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارت سمیت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تمام رکن ممالک کو مکالمے کی دعوت دیتے ہوئے ثقافتی تعاون، تاریخی ورثے کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تین نکاتی فارمولا پیش کردیا۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایس سی او کے زیر اہتمام تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے وزارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے اردو زبان میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے معروف شعرا مرزا غالب اور علامہ اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مکالمہ دراصل مختلف نظریات اور ثقافتوں کے درمیان ہوتا ہے، اگر تمام لوگوں کے خیالات ایک جیسے ہوں تو اسے حقیقی مکالمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قدیم تہذیبوں، بالخصوص گندھارا اور بدھ مت کے تاریخی ورثے کا حامل ملک ہے۔ پاکستان کے تہذیبی اور تاریخی روابط فارس اور عرب سے لے کر وسطی ایشیا کے تاریخی شہروں بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ان مشترکہ تاریخی اور ثقافتی روابط سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تعاون اور مکالمے کو فروغ دیں۔
وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں تین نکاتی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو وسعت دی جائے، مشترکہ تاریخی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے تہذیبی آثار کو محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ان تجاویز پر عمل درآمد کے لیے ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق ایس سی او نیٹ ورک اور ایک مشترکہ ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کی بھی تجویز پیش کی۔
















