ننکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، جس میں شرکت کے لیے بھارت سے آنے والے سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان پہنچ گئے، جہاں ان کا پھولوں اور ہار پہنا کر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
بھارتی سکھ یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے خصوصی بسوں کے ذریعے سخت سیکیورٹی انتظامات میں ننکانہ صاحب لایا گیا۔ ان کی آمد پر ڈپٹی کمشنر رعنا حمید، ڈی پی او ارسلان زاہد اور دیگر ضلعی افسران نے استقبال کیا اور مہمانوں کو پھول پیش کرکے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ننکانہ پولیس کے اہلکاروں نے بھی یاتریوں کی رہنمائی، خدمت اور سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے۔
پرتپاک استقبال پر بھارتی سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انہیں جو محبت، عزت اور مہمان نوازی ملی ہے اسے کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کے بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی محبت اور مہمان نوازی نے ان کے دل جیت لیے ہیں اور وہ اس پُرخلوص استقبال کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ بابا گورونانک جی کے جنم دن کی تقریبات کو پُرامن اور محفوظ بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں سیکیورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

















