احمد پور شرقیہ: خیرپور ڈاہا کے قریب ایکسپریس وے پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پتھروں سے لدا ٹرک سڑک کنارے کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرا کر الٹ گیا جس کے باعث 7 افراد جاں بحق اور 2 زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹرک کی ٹکر سے لوڈر ڈالہ الٹ گیا، جس کے باعث اس میں سوار افراد نیچے دب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، اعلیٰ حکام اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لوڈر ڈالے میں مجموعی طور پر 16 افراد سوار تھے جن میں سے 8 افراد حادثے کے وقت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ٹرک تلے دبے افراد میں سے 7 کی لاشیں نکال لیں جبکہ دو افراد کو زخمی حالت میں باہر نکال کر طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والے افراد خیرپور ڈاہا سے بہاولپور جارہے تھے۔

















