جنگ سے تباہ حال غزہ کے شدید زخمی اور بیمار بچوں کا دوسرا گروپ خصوصی طبی علاج کے لیے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ برطانیہ پہنچ گیا، جہاں انہیں نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے ماہر ڈاکٹرز علاج کی سہولت فراہم کریں گے۔
برطانوی محکمہ صحت کے مطابق غزہ میں جاری جنگ کے باعث تباہ ہونے والے طبی نظام کے نتیجے میں ہزاروں بچے بنیادی طبی سہولیات اور ضروری علاج سے محروم ہیں۔ ایسے میں برطانوی حکومت نے ملکی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے مزید بیمار اور زخمی بچوں کو محفوظ طریقے سے برطانیہ منتقل کیا ہے۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ بچے ناقابل بیان تکالیف اور مشکلات سے گزرے ہیں اور انہیں فوری طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ اس انسانی ہمدردی کے مشن کے تحت رواں سال کے اختتام سے قبل مزید بچوں کو بھی غزہ سے برطانیہ منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
برطانوی وزیر صحت و سماجی نگہداشت یویٹ کوپر نے کہا کہ ان بچوں نے ناقابل تصور مصائب برداشت کیے ہیں اور انہیں فوری طبی علاج کی ضرورت ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے بچوں کی برطانیہ آمد کو غزہ میں جاری انسانی بحران کی سنگینی کی واضح یاد دہانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے بچے تین سال سے ناقابل تصور خوف اور تباہی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسپتال تباہ ہو چکے ہیں اور سردیوں کی آمد کے باوجود شدید بیمار مریض ضروری علاج سے محروم ہیں۔
برطانوی حکومت نے ایک بار پھر غزہ میں ادویات اور طبی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے گزشتہ سال بھی غزہ سے 50 بچوں کو طبی علاج کے لیے نکال کر اپنے اسپتالوں میں منتقل کیا تھا۔




















