Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 12: کراچی کنگز کا بڑا داؤ، انگلینڈ کے اسٹار اسپنر عادل رشید کو سائن کرلیا

عادل رشید نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 244 اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں 172 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں سیزن کے لیے کراچی کنگز نے انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید کو براہِ راست سائن کرلیا، جبکہ ملتان سلطانز نے آسٹریلوی فاسٹ بولر لانس مورس کے ساتھ 2 کروڑ 75 لاکھ روپے کا معاہدہ کرلیا ہے۔

کراچی کنگز کی انتظامیہ کے مطابق انگلینڈ کے مایہ ناز لیگ اسپنر عادل رشید ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں 330 سے زائد میچز کا تجربہ رکھنے والے عادل رشید تینوں فارمیٹس میں 470 سے زیادہ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

عادل رشید نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 244 اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں 172 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ انگلینڈ کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، جبکہ ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کے دوسرے کامیاب ترین بولر ہونے کے ساتھ 200 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے انگلش مرد اسپنر بھی ہیں۔

تجربہ کار لیگ اسپنر 2019 میں ون ڈے ورلڈ کپ اور 2022 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیموں کا حصہ رہ چکے ہیں۔ کرکٹ کے لیے خدمات کے اعتراف میں انہیں 2023 میں ایم بی ای کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے عادل رشید کی شمولیت کو ٹیم کے لیے قیمتی اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ اور مہارت پی ایس ایل 12 میں کراچی کنگز کے لیے اہم ثابت ہوگی۔ ٹیم نے نئے سیزن کے لیے مضبوط اسکواڈ کی تشکیل کا عمل شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے بھی پی ایس ایل 12 کے لیے آسٹریلوی فاسٹ بولر لانس مورس کو 2 کروڑ 75 لاکھ روپے میں براہِ راست سائن کرلیا ہے۔

ملتان سلطانز کے ترجمان گوہر شاہ کے مطابق ٹیم انتظامیہ اپنے مداحوں کو تمام پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کسی خفیہ یا پس پردہ معاہدے پر یقین نہیں رکھتا بلکہ شفافیت کو اہمیت دیتا ہے۔

گوہر شاہ نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کی آئندہ آکشن میں نوجوان کرکٹرز کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے اور ٹیموں کا حصہ بننے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

یوں پی ایس ایل 12 سے قبل کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرکے نئے سیزن کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں