برطانوی دورِ حکومت میں فوجی خدمات انجام دینے والے شوہر کی پنشن وصول کرنے والی پاکستان کی آخری خاتون جنت خاتون قائم خانی 107 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، ان کی وفات کے ساتھ ایک تاریخی دور کی یادگار بھی ختم ہوگئی۔
جنت خاتون کا تعلق سندھ کے شہر جھڈو سے تھا، وہ 1919 میں بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جھنجھنو میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے شوہر عبدالشکور قائم خانی برطانوی دور میں 17ویں پونا ہارس رجمنٹ میں سپاہی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔
شوہر کے انتقال کے بعد برطانوی حکومت کی جانب سے ملنے والی فوجی پنشن جنت خاتون کو منتقل کردی گئی تھی، جسے وہ طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے ذریعے وصول کررہی تھیں۔ وہ پاکستان میں برطانوی حکومت کی پنشن لینے والی آخری خاتون کے طور پر جانی جاتی تھیں۔
مرحومہ جھڈو ٹاؤن کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین عمر دراز قائم خانی کی والدہ تھیں۔ ان کی نماز جنازہ جھڈو کی مرکزی عیدگاہ میں ادا کردی گئی۔


















