ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی جس کے بعد ترکیہ میں معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ترکیہ کی پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو مشترکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دی تھی جس کے بعد صدر اردوان نے بھی اس کی توثیق کردی۔
ترکیہ کی جانب سے سعودی عرب میں فوج تعینات کرنے کی اجازت کے لیے پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ترکیہ نیٹو کی دوسری بڑی فوجی قوت ہے جبکہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد جوہری طاقت ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب دنیا کے بڑے تیل برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے تاہم تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ رواں سال اگست میں طے پایا تھا۔
ادھر سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے مکہ دفاعی اتحاد کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس دو روز تک جاری رہے گا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر عملدرآمد کے عملی طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔
تینوں ممالک کے درمیان ممکنہ عسکری تعاون، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور فضائی دفاع کے شعبے میں اشتراک سمیت مختلف امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
اجلاس میں عسکری ہم آہنگی کو فروغ دینے، مکہ دفاعی معاہدے کو مؤثر علاقائی سیکیورٹی نظام میں تبدیل کرنے اور اس کے ادارہ جاتی ڈھانچے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔




















