Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت میں پاکستانی مواد پر پابندی کیوں؟ نیٹ فلکس کی پالیسی پر صارفین کے سوالات

بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد فن و ثقافت کو بھی ہتھیار بنا لیا

نیٹ فلکس پر پاکستانی سیریز روکنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاہم بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد فن و ثقافت کو بھی ہتھیار بنا لیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستان سے بھی جوابی مطالبہ سامنے آگیا جس میں کہا گیا ہے کہ نیٹ فلکس پاکستان اور بھارت کے صارفین کے لیے یکساں پالیسی اپنائے۔

بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس سے پاکستانی مواد کی بھارتی صارفین تک رسائی روکنے پر زور دیا اور پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ بھارت میں بلاک کرنے کا مطالبہ کیا۔

آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن اور بھارتی فلم یونینز نے مودی حکومت سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی کے لیے قانون سازی اور پاکستانی مواد دکھانے والے پلیٹ فارمز پر جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی دباؤ پر پاکستانی سیریز روکنے کی خبروں پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل دیتے ہوئے نیٹ فلکس سے پاکستانی مواد پر یکطرفہ پابندی نہ لگانے اور یکساں پالیسی اپنانے کا مطالبہ کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے سوال کیا کہ اگر پاکستانی ڈرامے بھارت میں بین ہوں گے تو بھارتی فلمیں اور ڈرامے پاکستان میں کیوں دکھائے جائیں؟

انکا کہنا تھا کہ بھارتی فلم ’دھرندر‘ پاکستان میں نیٹ فلکس پر دستیاب رہی، ٹاپ ٹرینڈنگ میں بھی شامل رہی، پاکستان میں بھارتی فلمیں، ڈرامے دستیاب لیکن بھارت میں پاکستانی ڈراموں کی بندش، نیٹ فلکس کو دوہرے معیار سے انکار کرنا چاہیے۔

صارفین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی دباؤ پر پاکستانی سیریز بھارت میں بند ہوئی تو پاکستان میں بھارتی مواد کے لیے بھی یکساں پالیسی اپنائی جائے۔ فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید اور حمزہ علی عباسی کی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی عالمی ریلیز 4 دسمبر کو شیڈول ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے کھیل کو ہتھیار بنایا، پھر پانی کو اور اب فن و ثقافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، کرکٹ میچ سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامہ قومی سلامتی کا مسئلہ کیسے بن گیا؟ کھلاڑیوں کو کھیلنے، پانی کو بہنے اور فنکاروں کو تخلیق کرنے دو، ناظرین کو اپنی پسند کا مواد دیکھنے دو۔

دوسری جانب شیری رحمان کا کہنا تھا کہ نیٹ فلکس پر پاکستانی تفریحی مواد کی پابندی کا مطالبہ افسوسناک ہے، پاکستان کے حوالے سے بھارتی معاشرے میں گہرا عدم تحفظ، عام پاکستانی بھارت کے خلاف زہر آلود جذبات نہیں رکھتا۔

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق پہلی پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کی بھارت میں پابندی کا معاملہ پلیٹ فارم کے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔

متعلقہ خبریں