اسلام آباد میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی تزویراتی، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور 31 اگست 2026 کو استنبول اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونے والے گزشتہ اجلاسوں کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے میں سعودی عرب میں دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا گیا۔
دوران اجلاس اراکین نے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے، کشیدگی میں کمی کی حمایت کرنے اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں سعودی عرب کے شہریوں اور شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کی سلامتی کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں اجتماعی دفاعی صلاحیتوں اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے دفاعی صنعت، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کا عہد بھی کیا گیا۔

















