ساحل سمندر کو کچرا اور فضلے سے پاک صاف رکھنے کے لیے اب ’’روبوٹ‘‘ صفائی کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اب ساحلوں کی صفائی کے لیے جدید طریقوں پر عمل پیرا ہو رہا ہے، تاکہ ساحلوں کو کچرے سمیت دیگر فضلہ جات سے پاک صاف رکھ کر لوگوں کو صحتمند تفریح کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اس حوالے سے بحر احمر اور امالا سیاحتی منصوبوں کو ترقی دینے والی کمپنی ریڈ سی گلوبل نے بتایا کہ ساحلوں کی صفائی کے لیے نئے طرز کے ایسے روبوٹ ڈیزائن کیے گئے ہیں جو پلاسٹک سمیت ہر طرح کا کچرا اور ملبہ جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ روبوٹ ایک گھنٹے میں 3 ہزار مربع میٹر رقبے کی صفائی کر سکتا ہے۔
یہ روبوٹ ساحلی ریت کو خوش منظر بنانے کے نظام سے بھی آراستہ ہے اور ایک سینٹی میٹر حجم کے کچرے تک کو جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس الیکٹرانک روبوٹ کو ریموٹ سسٹم سے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے اور اس کی خوبی یہ بھی ہے کہ یہ ماحول کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچائے بغیر مکمل صفائی کر سکتا ہے۔




















