چین کے صوبے گوانگ ڈونگ میں ایک کمپنی کی سالانہ تقریب اس وقت سوشل میڈیا کا موضوع بن گئی جب گرینڈ پرائز جیتنے والے ملازم کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا جس کی کسی نے توقع بھی نہ کی تھی۔
مقامی ملازم جیانگ نے اختتامی تقریب میں سب سے بڑا انعام جیتا۔ اسٹیج پر اعلان ہوا کہ انہیں نئے ماڈل کا Apple iPhone دیا جا رہا ہے، حتیٰ کہ فون کی قیمت بھی بتائی گئی۔ حاضرین نے تالیاں بجائیں اور جیانگ کو تقریب کا خوش قسمت ترین فرد قرار دیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جیانگ نے وہیں ڈبہ کھولنے کے بجائے اسے گھر لے جانے کا فیصلہ کیا تاکہ اپنی اہلیہ کو سرپرائز دے سکے۔ مگر جب گھر پہنچ کر اس نے پیکٹ کھولا تو اندر اسمارٹ فون کے بجائے دو چاکلیٹس، تین لولی پاپس اور چند ٹائلز رکھے ہوئے تھے۔
ابتدائی طور پر یہ شبہ ظاہر کیا گیا کہ شاید انعام راستے میں تبدیل کر دیا گیا ہو، لیکن بعد میں حقیقت سامنے آئی کہ یہ سب کمپنی کے ایک ٹیم منیجر کی شرارت تھی۔
اطلاعات کے مطابق کمپنی کے مالک نے مہنگا فون خریدنے کی اجازت نہیں دی تھی، جس کے بعد اس “مذاق” کو گرینڈ پرائز کا رنگ دے دیا گیا۔
جیانگ کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسے فون کی فوری ضرورت نہیں تھی، لیکن اس طرح کا مذاق مناسب نہیں تھا اور کم از کم معذرت کی جانی چاہیے تھی۔
واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، جہاں زیادہ تر صارفین نے اسے غیر سنجیدہ اور غیر پیشہ ورانہ رویہ قرار دیا، جبکہ چند افراد نے اسے محض تفریحی حرکت کہہ کر نظر انداز کیا۔




















