چین دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ عجیب و غریب رجحان پروان چڑھتے ہیں ایسا ہی ایک رجحان جو خوبصورتی سے متعلق ہے ان دنوں کافی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
چین میں نوجوان اپنے سر پر مصنوعی ابھار کے لیے کاسمیٹک سرجری کروارہے تاکہ سر کی شکل کو ایک خوبصورتی کے رجحان ’ہائی اسکل‘ کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
چین میں ماتھے سے قدرے اونچے سر کو خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے اور اب یہی ایک غیر معمولی خوبصورتی کا رجحان بھی بن گیا ہے۔

اس عجیب و غریب ہائی اسکل رجحان کے پیچھے تصور کافی سیدھا سادہ سا ہےاگر آپ کی ہیئر لائن اور سر کے اوپری حصے کے درمیان فاصلہ آپ کی بھنویں اور ہیئرلائن درمیانی فاصلے سے زیادہ ہے تو آپ خوش قسمت ہیں اور اسی خوش قسمتی کو حاصل کرنے کے لیے چینی سر کی ہڈی کے نیچے ہائیلورونک ایسڈ انجیکٹ کرنے یا خطرناک جراحی کے طریقہ کاراپنا رہے ہیں تاکہ سر کی شکل کو تبدیل کیا جا سکے۔
سر کے اوپری حصے کو اونچا یا بلند دکھانے کے لیے چین کی بیوٹی انڈسٹری نے حال ہی میں خصوصی توجہ دی ہے اس کے لیے خاص ہیر کلپس تیار کیے جس سے سر قدرے اونچا دکھائی دینے لگتا ہے اسی طرح ہیئر اسپرے استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ بالوں کو گھنا کیا جا سکے اور جدید ہیئر اسٹائلز کے ذریعے بھی سر کے اوپری حصے کو بلند دکھایا جاسکتا ہے۔
تاہم کئی افراد اس طرح عارضی طریقوں کے بجائے پر خطر کاسمیٹک سرجری کو ترجیح دیتے ہیں جیسےہائیلورونک ایسڈ انجیکشن، پلاسٹک امپلانٹس، اور حتیٰ کہ بون سیمنٹ، جو عام طور پر ہڈیوں کی سرجری میں جوڑ ٹھیک کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
سر کو انچا بنانے کے لیے ایک طریقہ’’کری نیل آگمینٹیشن‘‘ ہے اس میں عام طور پر سر میں 3 سے 6 سینٹی میٹر کا کٹ لگایا جاتا ہے پھر پے ریو اسٹیم کو الگ کیا جاتا ہے اور مطلوبہ شکل دینے کے لیے مواد ڈالا جاتا ہے کچھ جدید پروتھیسس جیسے پی ای ای کے، تھری ڈی پرنٹ شدہ امپلانٹ جو ہڈی کی ساخت کے مطابق بنایا جاسکتا ہے ٹائٹینیم پلیٹس یا بون گرافٹنگ استعمال کیے جاتے ہیں۔
سر کی اونچائی بڑھانے کے لیے بون سیمنٹ کا استعمال سب سے زیادہ متنازع اور خطرناک سمجھا جاتا ہے سر میں 3 سینٹی میٹر کا کٹ لگایا جاتا ہے ہڈی میں چھوٹے سوراخ بنائے جاتے ہیں پھر مواد کو جلدی سے انجیکٹ کیا جاتا ہے اور اسے سخت ہونے سے پہلے شکل دی جاتی ہے۔
ہائیلورونک ایسڈ انجیکشن کے سب سے کم سائڈ افیکٹ سامنے آتے ہیں تاہم پھر بھی یہ خطرات سے خالی نہیں ہے اس حوالے سے چینی سوشل میڈیا پر کافی لوگوں نے اپنی کہانیاں شیئر کی ہیں جس میں ایسڈ انجیکٹ کی وجہ سے ان کے سر میں مستقل طور پر ایلو پیشیا کی طرز پر پیچ بن گئے۔
ماہرینِ طب نے خبراد کرتے ہوئے کہا کہ بڑی مقدار میں ہائیلورونک ایسڈ انجیکشن ایک خطرناک عمل ہے کیونکہ یہ ’’ٹشو کراؤڈنگ‘‘ کا سبب بن سکتے ہیں جس سے بالوں کے فولیکلز میں خون کا بہاؤ کم ہو جاتا ہے اور مستقل بال جھڑ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں گزشتہ کئی برسوں کے دوران بہت سےعجیب و غریب خوبصورتی کے رجحانات اپنائے گئے ہیں جیسے ابھرے ہوئے کانوں کا جنون تاہم ہائی اسکل یقینی طور پر سب سے عجیب اور تشویشناک رجحان ہے۔