انگلینڈ کی کاؤنٹی ڈورسیٹ کے تاریخی شہر ڈورچیسٹر میں مقامی سطح پر بے حد مقبول آوارہ گرد بلی ’سوزی‘ کو خرج تحسین پیش کرنے کے لیے اس کا قدِ آدم کانسی کا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔
مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب اتوار کو ساؤتھ اسٹریٹ پر واقع فلاحی ادارے ’جولیا ہاؤس‘ کے باہر منعقد کی گئی جس میں بارش کے باوجود درجنوں شہریوں نے شرکت کی۔
معروف مجسمہ ساز آما مینےک کا تیار کردہ یہ مجسمہ سوزی کی مقامی شہرت اور لوگوں سے اس کی خاص وابستگی کی علامت ہے۔
سوزی گزشتہ چند برسوں کے دوران شہر کی مشہور ترین شخصیات میں شمار ہونے لگی ہے۔ وہ اکثر شہر کے مختلف مقامات پر گھومتی پھرتی دکھائی دیتی ہے، جس کے باعث مقامی شہریوں میں اس کے قصے خاصے مقبول ہیں۔
سوزی کی سرگرمیوں پر سوشل میڈیا کے لیے ایک خصوصی فیس بک گروپ بھی قائم ہے جہاں اس کے مداح اس کی روزمرہ مہمات اور دلچسپ حرکات پر گفتگو کرتے ہیں۔
اس سے قبل مقامی فنکاروں کے ایک گروپ نے سوزی کی مہم جوئی پر مبنی کتاب بھی شائع کی تھی، جس کا عنوان ’سوزی گم نہیں، بس مہم جوئی پر ہے‘ رکھا گیا۔
تقریب میں شہر کے ٹاؤن کرائر نے خطاب کیا، جبکہ مقامی شعرا اور راک کوائر نے پرفارمنس پیش کی۔ اس موقع پر ڈورچیسٹر کی سابق بارڈ ریبیکا کاتیا ڈینیچِک کی لکھی ہوئی سوزی سے متعلق نظم بھی پڑھی گئی، جسے مجسمے کے چبوترے پر کندہ کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریب کی مرکزی شخصیت سوزی خود بارش کے باعث تقریب میں شریک نہ ہوئی اور قریبی سپر مارکیٹ میں پناہ لیے بیٹھی رہی۔ تاہم اس کی مالکن جینی گریوز تقریب میں موجود تھیں۔
جینی گریوز نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوزی کی مقبولیت نے نہ صرف انہیں بہت سے نئے لوگوں سے ملنے کا موقع دیا بلکہ پورے شہر کو بلی کی دیکھ بھال میں شریک کر دیا ہے۔
