پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق عوام کیلئے پریشان کن خبر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ، شکر گڑھ ، گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرول کی فروخت روک دی ہے۔
کچھ پیٹرول پمپس مالکان نے تعداد کم کر دی ہے، موٹر سائیکل سواروں کو صرف 200 روپے جبکہ گاڑی والوں کو صرف 500 روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے۔
پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ ہمیں سپلائی نہیں مل رہی ہے، جتنا پیٹرول اور ڈیزل دیا جاتا ہے اس سے زیادہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں چند پیٹرول پمپ کھلے ہیں جن پر صرف ہائی اکٹین فروخت کیا جارہا ہے، شہری پیٹرول حاصل کرنے کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں۔
دوسری جانب شکرگڑھ اور مضافاتی علاقوں میں پیٹرول پمپ بند ہونے سے شہری خوار ہونے لگے ہیں، پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے تیل کی سپلائی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پمپ بند کیے ہیں قیمتوں میں عدم توازن کی وجہ سے پیٹرول نایاب ہوگیا ہے ۔



















