Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسٹیٹ بینک 10 ہزار روپے کا کرنسی نوٹ جاری کرنے والا ہے؟ اہم خبر آگئی

سوشل میڈیا پر یہ خبر تصویر کے ساتھ گردش کر رہی ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان 10 ہزار روپے مالیت کا نیا کرنسی نوٹ جاری کرنے والا ہے۔

اس تصویر کو دیکھنے والے سوشل میڈیا صارفین حکومت پر برہم ہیں لیکن اگر اس نوٹ کو غور سے دیکھیں تو کئی ایسی چیزیں نظر آئیں گی جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نئے نوٹ کی یہ تصویر جعلی ہے۔

مثال کے طور پر اس نوٹ پر گورنر اسٹیٹ بینک کا نام یاسین انور درج ہے جو 19 اکتوبر 2011 سے 31 جنوری 2014 تک اسٹیٹ بینک کے گورنر رہ چکے ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک کے موجودہ گورنر جمیل احمد ہیں۔

یہ بات ذہن نشین رہے کہ کسی بھی نئے نوٹ پر موجودہ گورنر اسٹیٹ بینک کا نام درج ہوتا ہے نہ کہ سابق گورنر کا۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک 10 ہزار روپے مالیت کا کوئی نیا کرنسی نوٹ جاری نہیں کررہا، عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں اور اس طرح کی خبروں کی تصدیق کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو وزٹ کریں۔