ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر رضامندی ظاہر کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض کے معاملے میں اب ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں رہا ہے، وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف میں ایکسٹرنل فنانسنگ ہدف طے ہو گیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا پلان مان لیا، جس کے تحت آئی ایم ایف عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ سعودیہ عرب سے 2 ارب ڈالر اور یو اے ای سے 1 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان ہے۔
وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر قرض معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس سے قبل ایکسٹرنل فنانسنگ کا پلان منظور ہونا لازمی تھا۔



















