Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں مہنگائی بے لگام، 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگائی کی لہر جاری ہے، مہنگائی کی اس لہر کی وجہ سے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0. 30 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مجموعی شرح 38.28 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر فی کلو 7 روپے مہنگے ہو گئے جبکہ ایک ہفتے میں انڈے فی درجن 10 روپے مہنگے ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے 800 گرام نمک کا پیکٹ 3 روپے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے، چھوٹا گوشت، بڑا گوشت، آلو اور پیاز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی، رواں ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں 7 روپے کمی آئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے فی درجن 3 روپے سستے ہوئے جبکہ دال چنا 5 روپے، دال مونگ 7 روپے اور دال ماش کی قیمت میں 8 روپے سستی ہوئی۔

اعدادو شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے زندہ مرغی 6 روپے، چاول 2 روپے فی کلو اور گڑ کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کی کمی ہوئی جبکہ 17 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام بھی ریکارڈ کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ماہ مہنگائی میں 2 فیصد اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح 31.44 فیصد تک جا پہنچی تھی۔

ستمبر کے مہینے میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 1.67 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پیاز 39.3 اور دال مسور 19.8،سبزیاں 11.7 ، چینی 10.8 ، دال ماش 9.46 اور لوبیا 7.1 فیصد مہنگا ہوا۔

ستمبر 2022 سے ستمبر 2023 تک بجلی کی قیمت میں 163.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ چینی 93.4، آٹا 87.5 اور چائے 83.6 فیصد مہنگی ہوئی تھی۔

3 اکتوبر 2023 کو عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عالمی بینک کے مطابق رواں مالی سال عوام کو مہنگائی میں بڑا ریلیف نہیں مل سکتا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجٹ خسارہ رواں مالی اور آئندہ مالی بلند سطح پر رہے گا۔ مالی سال 2024 میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 26.5 فیصد رہے گی جبکہ مالی سال 2023 میں پاکستان میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 29.2 فیصد رہی، توقع ہے کہ مالی سال 2025 میں پاکستان میں مہنگائی کی بڑھنے کی شرح 17 فیصد پر آجائے۔

ناجے بن حسین نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان توانائی کے نقصانات کم کرنے میں کوشاں ہے، قلیل مدت میں پاکستان کی توانائی کی پیداواری لاگت یکایک کم نہیں کرسکتا۔ توانائی کے نقصانات میں کمی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، عالمی توانائی کی اصلاحات کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں